Home Urdu News بابراعظم نے کوہلی سے ایک اور ریکارڈ چھیننے پر نظریں جما لیں

بابراعظم نے کوہلی سے ایک اور ریکارڈ چھیننے پر نظریں جما لیں

قومی کپتان کو ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 2500 رنز مکمل کرنے کیلئے 7 اننگز میں صرف 98 رنز درکار

ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ بابراعظم کی دسترس میں آگیا، ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 2500 رنز مکمل کرنے کیلئے 7 اننگز میں صرف 98 بنانے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق بابراعظم کا ستارہ مسلسل عروج کی جانب گامزن ہے، عالمی ریکارڈز ایک ایک کرکے ان کی جھولی میں گرتے چلے جا رہے ہیں، مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں تیز ترین 2500 رنز مکمل کرنے کیلئے انھیں 7 اننگز میں صرف 98 بنانے کی ضرورت ہے، بھارتی کپتان نے یہ سنگ میل 68 اننگز میں عبور کیا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 12 ٹیموں سے میچز کھیلتے ہوئے ان میں سے 11 کے خلاف کم از کم ایک ففٹی ضرور بنائی، کپتان ابھی تک صرف سری لنکا کے خلاف 50 کی اننگز نہیں کھیل پائے۔ یاد رہے کہ رواں ورلڈکپ میں بابر اعظم 66 کی اوسط سے 198 رنز بنا کر جوز بٹلر (214) اور محمد رضوان (199) کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ 60 ٹی ٹونٹی اننگز میں پاکستانی سٹار نے تمام بلے بازوں کو پیچھے چھوڑا ہوا ہے۔ انھوں نے ابھی تک 60 اننگز میں 2402 رنز جوڑے، بھارتی کپتان نے اتنی ہی اننگز کھیل کر 2167 رنز بنائے تھے، دیگر کامیاب بیٹسمینوں میں ایرون فنچ 1934، محمد شہزاد 1816، برینڈن میک کولم 1814، مارٹن گپٹل 1810 اور کین ولیمسن 1723 رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے تھے،